میرپورخاص(نمائندہ جنگ ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران کا اسلام آباد میں ایک ہفتہ دھرنے کا خواب پورا کردینگے، پھر دیکھتے ہیں کتنی دیر میں استعفیٰ آتا ہے.
جماعت اسلامی تھرڈ آپشن کے طور پر عوام میں پذیرائی حاصل کر رہی ہے، حکومت کی جانب سے سینٹ کے الیکشن قبل از وقت کرانے اور سپریم کورٹ میں جانے کی باتیں کی جا رہی ہیں ہم کہتے ہیں اگر ایسا ہی ہے توقومی اسمبلی کے الیکشن بھی قبل از کرا دیئے جائیں۔
پاکستان میں مسلط حکومت کی وجہ سے 22 کروڑ عوام مشکل میں ہے،عمران خان کی حکومت نے ایک وعدہ بھی نہیں نبھایا ، وزیراعظم پاکستان فوج کے پیچھے چھپنے پر مجبور ہیں کیونکہ انکے ساتھ عوامی طاقت نہیں ہے۔
جب بھی پی ڈی ایم کا جلسہ ہوتا ہے وزیراعظم اداروں کے دورے کرنے چلے جاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جید عالم و مذہبی اسکالر حکیم امیرالدین مہر کے انتقال پر ان کے لواحقین سے تعزیت کے بعد الہدیٰ اکیڈمی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔