• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آ جائیں لانگ مارچ کریں، ہم استقبال کیلئے تیار ہیں، شیخ رشید


وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں تمام چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں، جس کا دل چاہتا ہے آجائے، لانگ مارچ کرے، ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔

  شیخ رشید احمد  نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب دوران اپوزیشن جماعتوں کے استعفوں سے متعلق بات کرتے ہوئے  کہا ہے کہ فروری میں استعفے دینے والے کل استعفے دے دیں، اپنا شوق پورا کریں۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیراعظم 5 سال پورے کریں گے، معاشی سیاسی حالات سے نکال کر عمران خان قوم کو آگے لے کر جائے گا، عمران خان ملک کی معیشت کو بھی بہتر کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  23 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان پولیس لائنز میں تقریب میں شرکت کریں گے،  عمران خان کا کریڈٹ ہے کہ پولیس کو پہلی مرتبہ عزت ملنے جارہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ شناختی کارڈ روز جاری ہوں گے اور پہلا مفت، تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفتر کھول دیے جائیں گے، جو تحصیلیں رہ گئی ہیں وہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ دس ملکوں میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا انتظام ہے،  ساری دنیا میں وزارت خارجہ سے مل کرشناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھجوائیں گے۔

اُنوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے،  100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ امیگریشن، نادرا، پاسپورٹ، ایف آئی اے، تمام ادارے قوم کی خدمت کے لیے ہوں گے۔

تازہ ترین