جمعیت علماء اسلام (ف) نے پارٹی قائد مولانا فضل الرحمٰن کو قومی احتساب بیورو( نیب) کا نوٹس ملنے کی تردید کردی ہے۔
ڈپٹی سیکریٹری جنرل جے یو آئی(ف) مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو نیب کا کوئی نوٹس نہیں ملا، سب جانتے ہیں کہ مولانا کی زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا مفتی محمود مرحوم کے اثاثے پوچھنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
جے یو آئی ف کے رہنما نے مزید کہا کہ مولانا مفتی محمود اپنے اثاثے مدارس، مساجد، لاکھوں علما، حفاظ کی صورت میں چھوڑ کر گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کے ہر جلسے کے بعد پی ڈی ایم سربراہ کو نوٹس بھیجنے کی خبریں چلائی جاتی ہیں۔
مولانا امجد نے یہ بھی کہا کہ نیب نوٹس کی خبریں حکومتی بوکھلاہٹ کاثبوت ہے، جے یو آئی ف کے ارکان اسمبلی و سینیٹ کے استعفیٰ مولانا فضل الرحمن کی جیب میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی قائد اعلان پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے دیگر جماعتوں سے مل کر اسلام آباد میں کریں گے۔