• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی ڈائری، PDM احتجاج کا دوسرا مرحلہ، مریم نواز کارواں کیساتھ سندھ جائینگی

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) پی ڈی ایم کے ملک گیر جلسوں کا حکومتی اعصاب پر اثر بدستور موجود ہے اب جماعت اسلامی بھی میدان میں اتر آئی ہے اسکے امیر سراج الحق نے اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان پہلے ہی کررکھا ہے۔ متحدہ حزب اختلاف کی پی ڈی ایم نے حکومت کو اقتدار سے نکال باہر کرنے کیلئے اپنی تحریک کے پہلے مرحلے کے اثرات اور نتائج کا تفصیلی جائزہ مکمل کرلیا ہے اب وہ ملک کے تمام علاقوں میں اپنی احتجاجی سرگرمیاں شروع کررہی ہے اس مقصد کیلئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنے اپنے اثر و نفوذ کے حلقوں میں مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف عوامی جذبات سے اپنی وابستگی کے ا ظہار کی خاطر عوامی رابطے کی طویل سرگرمی شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اسکی رو سے ہفتہ رواں کے اختتام پر پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز شریف کی سرکردگی میں اعلی قیادت کاکاروان لاہور سے سڑک کے راستے سندھ کا رخ اختیار کررہا ہے پہلے مرحلے میں لاہور سے شروع ہونے والے سفر کاروان کو سندھ کے تاریخی شہر سکھر لے جائے گا اور بعد ازاں لاڑکانہ کو اپنی منزل بنائے گا جہاں پیپلزپارٹی کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے حوالے سے تعزیتی اور یادگاری اجتماعات میں شرکت کریگا۔ اس طرح مسلم لیگ نون کی قیادت طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ سندھ کے انگائوں گوٹھوںمیں اپنی گزرگاہ بنائے گی جو انکی راہ تک رہے ہیں اس میں بالائی سندھ کا وہ علاقہ بھی شامل ہے جہاں تحریک انصاف بھی کسی حد تک موجود ہے مسلم لیگ نون کا ہدف یہی علاقہ ہوگا۔ اسی دوران کی پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بھی منعقد ہوگا جس میں پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری بھی شریک ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین