• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی روک تھام کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائے، چیف سیکریٹری بلوچستان

چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک خطرناک وباء ہے اور اس کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ انسانی زندگیوں کا مسئلہ ہے اس کو کسی صورت نظرانداز نہیں کرسکتے جبکہ صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کی سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

چیف سیکریٹری بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ سمیت 24 اضلاع سے کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ صوبے کے دیگر باقی 9 اضلاع سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہو رہا ہے، جس کو قطعاً نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے اس ضمن میں ڈویژنل کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ جن جن اضلاع سے کورونا وائرس رپورٹ نہیں ہو رہے ہیں وہاں کے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں سے رینڈم نمونے لیے جائیں کہ آیا وہ کورونا فری اضلاع ہیں یا کیسز کسی وجہ سے رپورٹ نہیں ہو پا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز، پبلک مقامات اور مساجد میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ضرورت ہے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے شاپنگ مالز، دکانوں اور ہوٹلوں کو سیل کر دیا جائے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان نے متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی کہ کورونا اینٹی جینز اور دیگر ضروری آلات کی خریداری کا عمل مزید تیز کیا جائے۔

تازہ ترین