کوئٹہ(آن لائن)کوئٹہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اقبال کاسی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکلا کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، کیونکہ وکلا ہمارے معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، سریاب شٹل سروس سے وکلا کو سفری سہولت میسر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ ڈسٹرکٹ کچہری میں سریاب شٹل سروس کے آغاز کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری علی احسن بگٹی، سریاب زون کے نائب صدر ملک تنویر شاہوانی و دیگر موجود تھے۔ اقبال کاسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وکلا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے ان کو پیشہ ورانہ امور کی احسن انجام دہی کے لئے موافق ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے کیونکہ وکلا ہمارے معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، وکلا کی فلاح و بہبود بلواسطہ طور پر معاشرے کی فلاح سے وابستہ ہے۔ سریاب شٹل سروس سے وکلا کو سریاب سیشن کورٹ تک سفر کی سہولت میسر ہوگی۔