• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM والے قوم کیلئے نہیں نیب کی وجہ سے نکلے ہیں: رہنما JUI F

جمعیت علمائے اسلام ف کے باغی رہنما سابق صوبائی جنرل سیکریٹری شجاع الملک کا کہنا ہے کہ ہر کارکن کے ذہن میں یہ بات واضح ہے کہ پارٹی کی رکنیت اور تنظیم سازی میں خیانت ہوئی ہے، PDM والے قوم کیلئے نہیں نیب کی وجہ سے نکلے ہیں۔

شجاع الملک کی ویڈیو سامنے آگئی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عام کارکن نے بھی پارٹی کے اندر ہر صورت میں اصلاح کرنے کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد نے مسلم لیگ نون کے بیانیے پر تحفظات ظاہر کیئے تو ان کو فارغ کر دیا گیا، حافظ صاحب کو فارغ کر کے زیادتی کی گئی۔

شجاع الملک نے کہا کہ حافظ حسین احمد مجلس عاملہ کے رکن تھے، ان کی رائے کو سننا چاہیئے تھا، لوگ پی ڈی ایم میں کم آ ر رہے ہیں کہ کسی پارٹی کے اندر جمہوریت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں کہ پی ڈی ایم والے قوم کے لیے نہیں نکلے، لوگ اس لیے بھی نہیں نکلتے کہ یہ نیب کی وجہ سے نکلے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان جے یو آئی ف خیبر پختون خوا عبدالجلیل جان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجاع الملک کو چاہیئے تھا کہ وہ اپنے تحفظات کا اظہار پارٹی پلیٹ فارم پر کرتے۔


انہوں نے کہا کہ شجاع الملک مجلسِ شوریٰ کے رکن ہیں، وہاں مؤقف بیان کریں، جماعت کے داخلی معاملات باہر لے کر جانا مناسب نہیں ہے۔

عبدالجلیل جان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحصیل سے مرکزی امیر تک ہونے والے پارٹی انتخابات خفیہ بیلٹ پر ہوتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن بلا مقابلہ منتخب ہوئے، وہاں مولانا شیرانی اور شجاع الملک بھی موجود تھے۔

تازہ ترین