• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹے، بیٹی اور داماد کے اثاثے قرق

لاہور (نیوز ایجنسیاں) نیب نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹے، بیٹی اور داماد سمیت 6 ملزمان کے اثاثے قرق کرلیے۔ڈی جی نیب لاہور نے تفتیشی افسر کے ذریعے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 4 ؍جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے دو گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کردی اور جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔منگل کو عدالتی سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سکیورٹی میں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے لاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔ شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ میری میڈیکل رپورٹس حکومت نے 15 روز تک چھپا کر رکھیں، میری صحت ٹھیک نہیں، میڈیکل رپورٹس میں بتا دیا گیا۔ شہباز شریف نے استدعا کی کہ 15، 20سال سے میرا معائنہ کرنیوالے ڈاکٹرز کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز صرف ہڈیوں کے ڈاکٹرز جیل آئے، حکومتی میڈیکل پینل میں کینسر کے ڈاکٹرز شامل نہیں تھے، عدالت پیشی کے باعث ڈاکٹرز کا بورڈ آیا، میڈیکل بورڈ حیران تھا دیگر ڈاکٹرز کو کیوں شامل نہیں کیا گیا۔ شہباز شریف کے علاج معالجے کے متعلق شکایت کرنے پرعدالت نے شہباز کو اپنی شکایت کے حوالے سے تحریری درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب درخواست دائر کرینگے تو اس پر الگ سماعت کی جائیگی۔ دوران سماعت عدالتی حکم پرڈی جی نیب کی جانب سے تفتیشی افسر نے عدالت میں رپورٹ پیش کردی جس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، سلیمان ، بیٹی رابعہ عمران ،داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کر لئے ہیں۔ کیس میں شریک ملزم قاسم قیوم کی جانب سے ایڈووکیٹ قاضی مصباح نے وکالت نامہ جمع کروایا۔ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے وکلا نے نیب کے گواہ پر جرح مکمل کرلی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے مزید دو گواہ ابراہیم ملک اور شریف کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرلیا۔عدالت نے اس ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز ، سلیمان شہباز ، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کا کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا ہے۔

تازہ ترین