پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور کے خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن نہ ہونے کے باعث پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیراعلی خیبر پختونخوا کو پیش کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں آکسیجن فراہم نا کرنے والے متعلقہ افسران کو غفلت کا مرتکب قراردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہسپتال ڈائریکٹر سمیت انتظامی سطح کے7 افراد واقعہ کےذمہ دار قرار دیئے گئے ہیں ،ہسپتال ڈائریکٹر کے خلاف غفلت برتنے پر ایم ٹی ائی ایکٹ کے تحت چارج شیٹ اور کنٹریکٹ منسوخی کی سفارش کی گئی ہے اسپتال کے دو سابق ڈائریکٹر بھی واقعہ کے ذمہ دار قرار دئے گئے ہیں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپتال میں موجودہ اور سابقہ کسی ڈائریکٹر نے آکسیجن کی کمی کا نوٹس نہیں لیا ،ایم ٹی آئی 2015 ایکٹ کے مطابق ہسپتال ڈائریکٹر تمام انتظامی امور کا ذمہ دار ہے، آکسیجن پلانٹ سے لیکر وارڈ تک سپلائی کی نگرانی ہسپتال ڈائریکٹر کی ذمہ داری ہے، آکسیجن سپلائی کمپنی کے ساتھ ہسپتال کا معاہدہ جون 2020 میں ختم ہوچکاتھا،ہسپتال ڈائریکٹر نے معاہدہ بحال کرنے میں دلچسپی نہیں لی رپورٹ میں ہسپتال کے معطل شدہ ڈائریکٹرکو واپس اپنے محکمہ بھیجنے اور چارج شیٹ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ رپورٹ نے ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر ندیم کے اس دعوی کو غلط قرار دیا کہ وہ آکسیجن سے متعلق معاہدہ ختم ہونے کی تاریخ سے لاعلم تھے۔