لاہور(خصوصی رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے جہاں جلسے کئے وہاں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا۔ یہ لوگ کورونا پھیلا کر عوام سے بدلہ لے رہے ہیں۔ قانون ان کا مقابلہ کرے گا۔ انھوں نے کہا بلاول ضدی بچے کی طرح ایڑیاں رگڑ کر وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں۔ انھوں نے کہا ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی کے سدباب کیلئے پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس2020 نافذ کیا گیا ہے، عوام گرانفروشی کی شکایت کا اندراج کروائیں چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ اور ڈی جی رفاقت علی کے ہمراہ پنجاب فوڈ اتھارٹی آفس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملاوٹ مافیا کی موجودگی کسی چیلنج سے کم نہیں ،سیاسی شعبدہ بازیوں کی بجائے مربوط قانون سازی کے عمل کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ پولٹری کے کاروبار پر پنجاب میں ایک خاندان کے اجارہ داری ہے جو انڈوں اور مرغی کی قیمتوں کو کنٹرول کر رہا ہے۔ ن لیگ نے ہرمحکمہ میں من پسند حواریوں کو بھرتی کیا تاکہ کرپشن کا راستہ ہموار کیا جائے۔ یہ مافیاز ہر شعبہ میں موجود ہیں۔