• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب کون ہوتے ہیں درآمدات و برآمدات دیکھنے والے؟، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ


ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کہہ رہے ہیں کہ انٹرانوائسنگ کیسز دیکھ رہا ہوں، وہ کون ہوتے ہیں درآمدات و برآمدات کو دیکھنے والے؟

اسلام آباد ایوانِ صعنت و تجارت میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا کام ہے حکومتی کارکردگی کو دیکھنا۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سیاسی حکومت کا مسئلہ نہیں بلکہ حکومتی اداروں کا مسئلہ ہے۔

انھوں نے سرمایہ کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کار اپنے مسائل سینیٹ کو بھیجیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) پر میں نے پوزیشن لی ہے۔ 

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روزانہ کوئی نا کوئی کال موصول ہوتی ہیں جو نیب کا شکار ہو رہے ہیں، لوگ نیب کی وجہ سے امریکا اور یورپ چلے گئے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے نیب پر پوزیشن لے لی ہے، نیب کرپشن روکنے کے لیے بنا تھا، نیب کا بزنس مین سے کوئی تعلق نہیں، کرپشن سرکاری اداروں میں ہوتی ہے۔ 

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ ہم نے نیب کو عفریت بنا دیا ہے، نیب کو اب بند کرنا ہوگا، نیب کا سرمایہ کاروں کو بلانے کا کوئی اختیار نہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چیئرمین نیب کہہ رہے ہیں کہ انٹرانوائسنگ کیسز دیکھ رہا ہوں، تاہم وہ کون ہوتے ہیں درآمدات و برآمدات کو دیکھنے والے؟

انھوں نے سوال کیا کہ نیب کیا آئین سے بالاتر ہے، جس کو پارلیمنٹ میں نہیں بلاسکتے، کتنے لوگ نیب کی وجہ سے مرے ہیں، اگر جرات ہے تو پارلیمنٹ میں آئیں۔

تازہ ترین