• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ،دس ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت کیچ اپ اور جوسز برآمد

پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے چغل پورہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے تقریبا دس ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت کیچ اپ اور جوسز برآمد کرلئے ہیں۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران گودام کو سیل اور مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اتھارٹی طلعت فہد کی سربراہی میں کی گئی، جس میں مضر صحت کیچ اپ اور جوسز کو موقع پر تلف کیا گیا۔ طلعت فہد کا کہنا تھا کہ مضر صحت کیچ اپ اور جوسز کو شہر کے مختلف حصوں میں سپلائی کیا جارہاتھا۔ ڈائریکٹر آپریشنز عظمت اللہ وزیر کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کا کہنا تھاکہ چترال میں خورکشاندہ بازار میں کارروائی کے دوران 70 کلو سے زیادہ زائد المعیاد اشیاء خوردنوش کو تلف کیا گیا، اسی طرح لکی مروت میں 50 لیٹر سے زائد مضر صحت مشروبات تلف کئے گئے۔ ڈی ائی خان میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک بیکری کو سیل کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان نے عوام سے ملاوٹ جیسے گھناونے عمل میں ملوث افراد ی نشاندہی کرنے میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صاف اور معیاری خوراک کی فراہمی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، شہری مضر صحت اشیاء خوردنوش کا کاروبار کرنے والے ملاوٹ مافیا کے خلاف اپنی شکایات درج کرائیں، تاکہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جاسکیں۔
تازہ ترین