وزیرکالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض چوہان کہتے ہیں کہ نواز شریف کی سالگرہ کل نہیں ہے، نواز شریف کو 90 کےوسط میں قائداعظم ثانی بننے کا شوق پیدا ہوا تھا اور اسی لیے اُنہوں نے اپنی جعلی تاریخ پیدائش 25 دسمبر لکھوائی۔
وزیرکالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض چوہان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ استعفےنہیں دے رہے اور ضمنی اور سینیٹ الیکشن لڑ رہےہیں، ان کے پاس حاصل وصول کچھ نہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان اور فضل الرحمٰن نے کل وزیراعظم سے متعلق گھٹیا زبان استعمال کی۔
اُنہوں نے کہا کہ یہی وہ عمران خان ہیں جو 70 کے آخر اور 80 کے شروع میں نواز شریف کے آئیڈیل ہوا کرتے تھے۔
فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان یہ پانچ سال بھی پورے کریں گے اور اگلے 5 سال بھی وزیراعظم ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2018 کا الیکشن سب سے بہترین اور شفاف الیکشن تھا، اتنےسخت انتظامات تھے کہ امیدوار اچھی خاصی اسکروٹنی کے بعد اندر داخل ہوسکتا تھا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شفاف الیکشن کی صورت میں جو حکومت بنی ہے وہ 5 سال پورے کرے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ شہباز شہریف قائد حزب اختلاف ہیں، وہ ابھی ملزم ہیں جبکہ مجرم نواز شریف، مریم صفدر اور سائیں کیپٹن صفدر ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قائد حزب اختلاف ہونے کی حیثیت سے شہباز شریف کو ملاقاتوں کاحق حاصل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ نوازشریف کی تاریخ پیدائش بھی جھوٹی ہے کیونکہ ان کی ہر چیز جھوٹ پر مبنی ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ذلت اور رسوائی ہر اس شخص کی قسمت میں ہے جو ملک سے غداری کرے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے آیا آر اور پار اب حالت یہ ہے کہ پورا پی ڈی ایم لاچار ہوگیا ہے۔