میلبورن (جنگ نیوز) آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہفتے کو شروع ہوگا۔یہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کا 100واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ گذشتہ 99میچ میں آسٹریلیا نے 43 اور بھارت نے 28 جیتے ہیں۔ آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ باکسنگ ڈے میچ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی کریں گے۔ کیونکہ ڈیوڈ وارنر تاحال فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔ وہی گیارہ کھلاڑی میدان میں اتاریں گے جنہوں نے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دی تھی۔ دوسری جانب بھارت نے میچ کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے، پلیئنگ الیون میں چار تبدیلیاں کرتے ہوئے شبھمان گل، رویندرا جدیجا، وکٹ کیپر رشابھ پنت، اور محمد سراج کو شامل کیا گیا ہے۔ اوپنر پرتھی شا، ردھیمان ساہا اور انجرڈ محمد شامی باہر ہوگئے جبکہ کپتان ویرات کوہلی بچے کی پیدائش کیلئے بھارت لوٹ چکے ہیں، ان کی جگہ اجنکیا رہانے قیادت کریں گے۔ دریں اثنا منتظمین نے چائے کے وقفے کے دوران سابق کرکٹر ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔