پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کہتے ہیں کہ مریم نواز کو تکلیف ہے پاکستان بہتری کی طرف جارہا ہے اور ان کی مقبولیت کم ہو رہی ہے۔
خرم شیر زمان اور حلیم عادل شیخ نے کراچی انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کی جس میں خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں فرنیچرنہ ہونےکی وجہ پیپلزپارٹی کی کرپشن ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا پیپلزپارٹی نے صوبہ سندھ کو تباہ کردیا ہے، پیپلزپارٹی والے اب تحریک انصاف کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا آج پاکستان کی معشیت بہتر ہوگئی تو آپ کو پریشانی ہوگئی ہے، آج اسٹاک ایکسچنج روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ جو کیس مسلم لیگ نون کے خلاف چل رہے ہیں وہ پیپلز پارٹی نے بنائے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے نیب کو رضاکارانہ رقم واپس کی وہ آج بھی اہم عہدوں پر ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایک مشیر نے کہا کیپٹن (ر) صفدر کی رپورٹ آگئی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مشیر نے بتایا کیپٹن (ر) صفدر کے معاملے پر پولیس پر دباو ڈالا گیا، میرے بھانجے وقاص کو بھی نہیں بلایا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے متعلق انکوائری مبہم ہے،ہم قائد کے پیرو کار ہیں ان کے مزار کا احترام کرتے ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے کرمنلز کو پیپلزپارٹی لائسنس ایشو کررہی ہے۔