• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی ناصر شاہ سے ملاقات، والدہ کے انتقال پر تعزیت

سکھر (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز ورکرز کنونشن سے خطاب کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کی رہائشگاہ پر گئیں، جہاں انہوں نے سید ناصر حسین شاہ سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کے بلند درجات کے لئے دعا مانگی۔ بعد ازاں مریم نواز اور مسلم لیگ کے دیگر رہنماؤں نے سید ناصر شاہ کے فرزند سید کمیل حیدر شاہ کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی، جس کے بعد وفد مریم نواز کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 13ویں برسی میں شرکت کے لئے نوڈیرو روانہ ہوگیا۔ ترجمان بلاول ہاؤس عثمان غازی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کا 9رکنی وفد مریم نواز کی سربراہی میں آج نوڈیرو میں بھٹو ہاوس پہنچے گا۔ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، بی بی فریال تالپور، شیری رحمان و دیگر لیگی وفد کا استقبال کریں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے کل پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین کل بھٹو ہاوس، نوڈیرو سے گڑھی خدا بخش میں شہید بینظیر بھٹو کے مزار پہنچیں گے۔

تازہ ترین