اسلام آباد( نمائندہ خصوصی،این این آئی) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت کسی قیمت پر پاکستان کو پر امن نہیں دیکھنا چاہتا، وہ ملک میں انتشارکی سازشوں میں مصروف ہے، فساد کی جڑ فضل الرحمٰن، اسلام کی بات کرنیوالے اسلام آباد کی طرف دیکھ رہے ہیں، ساری اپوزیشن استعفوں کے حق میں نہیں،پاکستان کو اندر سے غیرمستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کیلئے قومی سلامتی کے اداروں کی حکمت عملی مربوط ہے، ملک دشمن قوتیں نیست و نابود ہوں گی اور افواج پاکستان کا جھنڈا بلند ہو گا،اتوار کو گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے بلوچستان میں دہشتگرد کارروائی پر بات کی اور کہا کہ پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اندرونی وبیرونی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں بہت کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ دشمن اس علاقے میں پریشانی پیدا کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ ناکام ہونگے۔ انہوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ایف سی کے شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ جلد ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ ہوگا۔