• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن چاہتی ہےکہ ان کے کیسز ختم کیے جائیں ، شیخ رشید


وفاقی وزیر برائے امور داخلہ  شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ  اپوزیشن جماعتوں کی لڑائی عمران خان سے زیادہ نیب سے ہے،  اپوزیشن چاہتی ہےکہ ان کے کیسز ختم کیے جائیں۔

شیخ رشید احمد نے اسلام آباد  میں پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ضیاء الحق کا نام کیوں نہیں لیتے، یہ ضیاءالحق کے بوٹ پالشیے، مالشیے اور گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں،  اپوزیشن سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لے گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ، لانگ مارچ نہیں لونگ مارچ ہوگا، لانگ مارچ اور لونگ مارچ میں فرق ہوتا ہے، لانگ مارچ لانگ مارچ ہوتا ہے لونگ مارچ لونگ مارچ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے استعفے نہیں ہوں گے، مرتضیٰ عباسی کہیں گے کہ میں نے استعفیٰ دیا ہی نہیں، مرتضیٰ عباسی کہیں گے امیر مقام کو دیا تھا انہوں نےدشمنی میں یہاں بھجوا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمپیوٹرائزڈ استعفوں کی کوئی قانونی حثیت نہیں، اچھی بات ہےانہوں نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینےکا فیصلہ کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گڑھی خدا بخش میں وزیراعظم بلاول کے نعرے لگائے گئے،   کل مراد علی شاہ نے نعرہ لگایا بلاؤل وزیراعظم ہوگا، مراد علی شاہ کو انڈر 19 کے ساتھ ہی کھیلنا ہے تو دوسروں پر رحم کریں۔

انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ  زرداری وہ سیاستدان ہیں جنہوں نےجیل کا زیادہ ترحصہ اسپتالوں میں گزارا، آصف زرداری کو پتا ہے کہ کیسے جیل سے بھاگا جاتا ہے، آصف زرداری نے کریمنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سب لوگوں کی لڑائی عمران خان سے زیادہ نیب سے ہے،  عمران خان کوئی بھی فیصلہ کرسکتا ہے، میں ان کے ماتحت وزیر ہوں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  جے یوآئی کی اپنی جماعت میں بڑی لے دے ہورہی ہے، ابھی میٹنگ نہیں کہ ان کے لیے استقبالیہ کیمپ کب اور کہاں لگانے ہیں،  ہم نےچوکیاں ختم کی ہیں، وہاں پولیس گاڑیاں کھڑی کریں گے۔

شیخ رشید نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تین سروس اسٹیشن بنا رہے ہیں جس میں نادرا، پولیس اور ٹریفک پولیس ساتھ کام کریں گے، اسلام آباد میں یکم جنوری سےتمام گاڑیاں ایک روزمیں رجسٹرہوں گی، یکم جنوری سے ای اسٹیمپ کے ذریعے 24 گھنٹوں میں رجسٹرڈہوں گیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سارے اسلام آباد کا پٹوار خانہ ایک ماہ میں ختم کردیں گے، اسلام آباد میں اب کوئی پٹواری نہیں ہوگا، دو فوڈ نائٹ بازار کھولنےکا فیصلہ کیا ہے، آئی سی ٹی کی تنظیم نو کرنے جارہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ 8 محکموں کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور  دو فیصد اسٹیمپ ڈیوٹی ہے، اسے ایک فیصد پر لائیں گے۔

تازہ ترین