وزیر اعظم عمران خان نے ترجمانوں کو مولانا فضل الرحمان کی مبینہ کرپشن بے نقاب کرنے کی ہدایت کردی، مولانا نے اثاثے کیسے اور کتنے بنائے، عوام کو آگاہ کریں۔
وزیر اعظم کی سربراہی میں ترجمانوں اور پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو فوج سمیت اداروں کےدفاع کی ہدایت کردی۔
عمران خان نے کہا کہ فوج ہمارا ادارہ ہے اس کادفاع قومی ذمہ داری ہے، فوج مخالف بیانیے کا موثر جواب دینا ہے۔
وزیر اعظم نےکہا کہ غیر ملکی این جی اوز اسپانسرڈ لوگ سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اداروں اور شخصیات کے خلاف مہم چلانے والوں کا کھوج لگانے کی ہدایت کردی، وزیر اعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اداروں کو بدنام کرنے والوں کا پیچھا کریں گے۔
وزیر اعظم نے ترجمانوں کو اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لینے کی ہدایت کردی۔
عمران خان نے کہا کہ وزراء اپنی کارکردگی عوام کے سامنے لائیں، سینیٹ اجلاس میں وزراء اپوزیشن کو بھرپور جواب دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کو اینٹ کا جواب پتھر سےدیں، اپوزیشن کے ٹولہ کو ملک نہیں اپنے مقاصد عزیز ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کی کسی تحریک کا دباؤ نہیں، اپوزیشن کا واحد مقصد این آر او ہے، جو نہیں ملےگا۔