کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے محکمہ تعلیم میں 7 کروڑ سے زائد کی خورد برد سے متعلق سینئر اکاؤنٹنٹ ٹھٹھہ عرفان احمد شیخ کی برطرفی کیخلاف درخواست مسترد کردی۔
پیر کو سماعت کے موقع پر چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہا کہ کیا ہمیں نہیں معلوم حکومتی اکاؤنٹس میں کیا ہوتا ہے یہ تو 7 کروڑ کی خورد برد ہے یہاں تو دیکھا گیا ہے کہ 7 ارب ادھر ادھر ہوجاتے ہیں۔
آپ کہتے ہیں کہ انسانی غلطی ہے مگر 7 کروڑ ادھر ادھر ہو گئے جبکہ وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ میرا موکل ٹھٹھہ محکمہ تعلیم میں سینئر اکاؤنٹنٹ تھا جس آئی ڈی سے رقم منتقل ہوئی۔
وہ سب کے استعمال میں تھی انکوائری میں حقائق کو نظر انداز کردیا گیا نوکری سے جبری برطرفی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے تاہم چیف جسٹس نے برطرفی کیخلاف درخواست مسترد کردی۔