لاڑکانہ، سکھر( بیورو رپورٹ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور ممتاز سیاستداں مریم نواز شریف نے پیر کوگڑھی خدا بخش کا دورہ کرکے محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے ۔ نودیرو ہائوس سے روانگی کے وقت بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی ہمراہ تھیں۔ مریم نواز نے ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر کے مزارات پر بھی فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو مزار کمپلیکس کا بالائی حصہ اور مزار کے احاطے میں قائم کی گئی پکچر گیلری بھی دکھائی جہاں شہدائے کارساز اور ایم آر ڈی کے شہدا کی تصاویر ہیں۔ مریم نواز گڑھی خدا بخش سے واپسی پر نودیرو ہائوس میں لنچ کیا۔ دریں اثناء مریم نواز شریف 3روزہ دورہ سکھر و لاڑکانہ مکمل کرنے کے بعد نوڈیرو ہاؤس لاڑکانہ سے اسلام آباد واپسی کیلئے سکھر ایئرپورٹ پہنچیں، جہاں سے وہ پی آئی اے کی پرواز 632 کے ذریعے سکھر سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئی۔