• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا شیرانی کا جے یو آئی پاکستان کو فضل الرحمٰن گروپ سے علیحدہ کرنے کا اعلان


جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) سے نکالے گئے پارٹی رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے جے یو آئی (پاکستان) سے جے یو آئی (ف) کو علیحدہ کرنے کا اعلان کردیا۔ 

اسلام آباد میں  جے یو آئی کے ناراض رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی اور گزشتہ چند روز سے جاری چہ مگوئیوں پر کھل کر بات کی۔ 

مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے جمعیت علماء اسلام کے نام سے اپنا گروپ تشکیل دیا ہے۔ 

انھوں نے واضح کیا کہ ہم کبھی جے یو آئی ف یا فضل الرحمن گروپ کا حصہ نہیں رہے، ہم ہمیشہ جمعیت علماء اسلام کے دستور کے مطابق رکن رہے اور رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی بھی رکن قرآن و سنت کے منافی کوئی اقدام نہیں کرے گا، اب جو کچھ ہو رہا ہے وہ صداقت اور دیانت سے خالی ہے۔

مولانا محمد خان شیرانی نے جے یو آئی پاکستان کو جے یو آئی ف سے الگ کرنے کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں اکابرین سے سیاست وراثت میں ملی ہے، یہ تمام اراکین اب اس جماعت کے رکن نہیں رہے، ساتھی اپنا فیصلہ خود کریں کہ انھیں اللّٰہ کی رضا حاصل کرنی ہے یا پھر اپنی خواہش کی پیروی کرنی ہے۔ 

مولانا شیرانی کا کہنا تھا کہ جماعت کے نظم کے لیے کسی ساتھی پر دباؤ نہیں ڈالا جائے گا، جھوٹے اور خائن پر اللّٰہ کی لعنت ہے۔

انھوں نے ایک مرتبہ پھر دہرایا کہ انھیں واثت میں جمعیت علماء اسلام پاکستان ملی ہے۔

آئندہ کے لائحہ عمل سےمتعلق مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ آئندہ کے لائحہ عمل میں 3 نکات ہوں گے، اس حوالے سے ہمارے کردار پر 7 نکات ہوں گے۔

مولانا شیرانی نے کہا کہ تمام ساتھیوں کو ترغیب دلائیں کہ وہ جماعت کیساتھ رابطےنہ توڑیں اورضد نہ کریں، ہمارے بارے میں لوگ جو بھی کہیں ان کو ہم برداشت کر کے سنتے رہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے جھوٹے لوگوں کو تنہا کردیا جائے، فضل الرحمان گروپ کیساتھ پروگرام پر ہماری شرطیں ہیں، ہمیں اگر کسی پروگرام میں دعوت دیں گے تو ہم ضرور شریک ہوں گے۔

مولانا شیرانی کا کہنا تھا کہ ہم اگر کسی پروگرام میں گئے تو ہمیں نہ پوچھا جائے کہ آخر تم ادھر کیوں آئے ہو۔

انھوں نے کہا کہ منفی رویوں کو مثبت رویوں سے تبدیل کرنا ہوگا، ایک قرارداد پاس کی جائے کہ جمیعت علماء اسلام فضل الرحمٰن کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کیا جائے۔

مولانا شیرانی نے مطالبہ کیا کہ نیا نوٹیفیکیشن جمیعت علماء اسلام پاکستان کے نام سے جاری کیا جائے اور الیکشن کمیشن میں جمع کروایا جائے۔

تازہ ترین