• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے این پی کی خواجہ آصف کی گرفتاری کی مذمت

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ 

اپنے ایک بیان میں سربراہ اے این پی اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) حکومتی ایما پر اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر کو رات کی تاریکی میں گرفتار کرنا شرمناک ہے۔

سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتقامی سیاست کا راستہ اپنا لیا ہے۔


اسفند یار ولی خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موممنٹ (پی ڈی ایم) سے خوفزدہ حکومت اور ان کے اتحادی نیب کو استعمال کر رہے ہیں۔

اے این پی سربراہ نے سوال کیا کہ کیا کسی حکومتی رکن کی کرپشن پر نیب کارروائی کرے گی؟ کیا آٹا چینی اسکینڈل پر کوئی کارروائی ہوئی؟ کیا پشاور میں بی آرٹی میں اربوں کی کرپشن نیب کو نظر نہیں آرہی؟ کیا بلین ٹری سونامی پر عدالتی ریمارکس بھی شاید نیب کو نظر نہیں آرہے؟

واضح رہے کہ آج نیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو گرفتار کرلیا تھا۔

تازہ ترین