• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی رہنما خواجہ آصف کو گرفتار کرلیا گیا


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خواجہ محمد آصف کو سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے گھر کے باہر سے حراست میں لیا گیا ہے۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر خارجہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے وارنٹ گرفتاری چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال کے دستخط سے جاری کیے گئے۔


نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیر خارجہ کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے گرفتاری کے بعد خواجہ آصف کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کردیا گیا، جہاں اُن کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

ذرئع کے مطابق کل صبح ہی انہیں احتساب عدالت اسلام آباد میں راہداری ریمانڈ کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق احسن اقبال کے گھر پر اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کا اجلاس جاری تھا، جس میں مریم نواز سمیت پارٹی کی سینئر قیادت موجود تھی۔

یہ اجلاس سینیٹ الیکشن اور اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق امور پر غور کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

تازہ ترین