کراچی ( اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن لڑیگی، ارکان سے استعفے لینگے، اسمبلیوں میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں،وقت آگیا وزیراعظم گھر جائیں، اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی عمل دخل کو روکیں گے۔
اسمبلیوں سے استعفوں کو نواز شریف کی وطن واپسی سے مشروط کرنے کی تصدیق یا تردید نہیں کروں گا۔
منگل کو پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعدبلاول ہائوس میڈیا سیل میں ایک پریس بریفنگ میں انہوں نےکہاکہ سی ای سی کی رائے ہے کہ حکومت کو ہر ہتھیار کیساتھ چیلنج کرنا ضروری ہے ۔
پی ڈی ایم کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینا چاہیے، ہم چاہتے ہیں تمام جماعتیں مل کر سینیٹ الیکشن میں حکومت کا مقابلہ کریں، پی ڈی ایم اسی طرح کامیاب ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم ایکشن پلان کے مطابق ہی چلیں گے، ڈائیلاگ کا وقت گزر چکا، وزیر اعظم کے استعفے تک کوئی بات نہیں ہوگی، اسٹیبلشمنٹ ایک دن پیچھے سے ہٹ جائے حکومت خود گر جائے گی ، ہم چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کا سیاست میں عمل دخل ختم ہو، وقت آ گیا ہے کہ سیاست میں بیرونی مداخلت کو ختم کیا جائے،ڈائیلاگ ہو سکتے ہیں مگر اس سے پہلے وزیر اعظم استعفے دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو ہر صورت جانا ہوگا مگر وہ کیسے جائیں گے اسے ابھی شیئرنہیں کرسکتا، موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے ہر سیاسی ہتھیار استعمال کریں گے جس میں سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لینا بھی شامل ہے، اگرپی ڈی ایم ملکر الیکشن لڑے تو سینیٹ میں اکثریت حاصل کرسکتی ہے۔
بلاول بھٹونے کہاکہ اسمبلیوں سے استعفوں کو نواز شریف کی وطن واپسی سے مشروط کرنے کے معاملے پر اجلاس میں بات ہوئی یا نہیں اس کی میں تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا، پارٹی اجلاس میں ارکان کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے،ہم جمہوری لوگ ہیں، جب بھی ہمارا کوئی پارٹی اجلاس ہوتا ہے اس میں ہر معاملے پر غور ہوتا ہے۔
آج بھی تمام سیاسی معاملات پر بہت تفصیلی بحث ہوئی ، اس وقت عوام تاریخی مہنگائی کا شکار ہیں،بجلی گیس کے بل، ادویات کی قیمتیں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہیں۔
پورے خطے میں پاکستان کی منفی گروتھ ریٹ ہے ،قوم کو آج جس صورتحال کا سامنا ہے یہ سب کچھ حکومت کا کیا دھرا ہے اور حکومت کی نااہلی کا بوجھ ملک کے عوام برداشت کررہے ہیں۔
اس وقت پاکستان میںمہنگائی خطے میں سب سے زیادہ ہے،انہوں نے کہا کہ منفی گروتھ ریٹ پورے ریجن میں سب سے بدتر ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے، عوام کو اس وقت جن مصائب کا سامنا ہے۔