سال نو کے موقع پر کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق شہر میں سال نو کے موقع پر شہر کی کوئی سڑک بند نہیں کی جائے گی، صرف سی ویو روڈ پر ٹریفک ون وے چلے گی جبکہ کچھ سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک کراچی کے دفتر سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سال نو کے موقع پر 31 دسمبر سے یکم جنوری کی صبح تک کلفٹن میں ساحل سمندر سمیت شہر کے تمام تفریحی مقامات کی طرف جانے والے راستے کھلے رہیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق سی ویو روڈ جسے عبدالستار ایدھی ایوینیو کا نام دیا گیا تھا پر ٹریفک میکڈونلڈ سے ولیج ہوٹل کی طرف ون وے چلائی جائے گی، سی ویو جانے والے شہری عبدالستار ایدھی ایوینیو سے دو دریا کے رخ جاتے ہوئے خیابان اتحاد پر ایگزیٹ لے سکیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق تمام ہیوی ٹریفک، واٹر ٹینکرز، ڈمپر، ٹرک وغیرہ کو شام 6 بجے سے سڑکوں پر ٹریفک نارمل ہونے تک شہر کے مرکزی علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مین سی ویو روڈ، شاہراہ فیصل، عبداللّٰہ ہارون روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ، مائی کولاچی روڈ، کورنگی روڈ، مولوی تمیز الدین خان روڈ سمیت مرکزی شاہراہوں پر کسی بھی قسم کی گاڑیوں کی پارکنگ منع کی گئی ہے۔
پولیس اعلامیہ کے مطابق بغیر ہیلمٹ، ٹوٹے ہوئے سیلنسر، بغیر سلنسر، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں یا موٹر سائیکل چلانے والوں اور غفلت و لاپرواہی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ایسے افراد کو نہ صرف جرمانے کئے جائیں گے بلکہ انہیں قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے بھی کیا جائے گا۔
سال نو کے موقع پر تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی پولیس حکام نے عوام الناس سے التماس کی ہے کہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کریں