• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت، کے ایم سی کو بیل آؤٹ پیکیج دینے پر غور کرے، سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت کے ایم سی حکام نے عدالت میں ہاکس بے ہٹس سمیت دیگر پراپرٹیز سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ ہاکس بے میں کم ایم سی کے ہٹس آمدنی کا ذریعہ ہیں جبکہ دیگر رہائشی بنگلوز دفاعی اداروں اور پولیس کے زیر استعمال ہیں۔


رپورٹ کے متن کے مطابق کے ایم سی کی کچھ پراپرٹیز پٹرول پمپس کے لیے کرائے پر ہیں جبکہ کچھ رہائشی بنگلوز کے ایم سی آفیشلز کے زیر استعمال ہیں۔

کے ایم سی حکام نے اس موقع پر کہا کہ حکومت سندھ ریٹائرڈ ملازمین کو ادائیگی کےلیے گرانٹ جاری کرے۔

اس پر عدالت نے آبزرویشن دی کہ ایسی صورتحال میں کے ایم سی کو بیل آؤٹ پیکیج کی ضرورت ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے 24 ارب روپے کا پیکیج دیا تھا۔

عدالت نے آبزرویشن میں یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کے ایم سی کو بیل آؤٹ پیکیج دینے پر غور کرے۔

اس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے چیف سکریٹری، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری بلدیات کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔

تازہ ترین