• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمیز راجہ نے ’شادی شدہ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ میں حصہ لے لیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ اب ’شادی شدہ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ میں حصہ لیں گے۔

رمیز راجہ نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے شادی شدہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

سابق کرکٹر نے ٹوئٹر پر عام گلی محلوں میں ہونے ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کا ایک پوسٹر شیئر کیا اور مداحوں کو بتایا کہ وہ بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

رمیز راجہ نے اپنے ٹوئٹ میں پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے یہ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔‘

رمیز راجہ کی جانب سے شیئر کیے گئے انوکھے کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے جو شرائط رکھی گئی ہیں وہ خاصی دلچسپ بھی ہیں اور عجیب بھی۔

کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے خواہشمند حضرات کا شادی شدہ ہونا، صاحبِ اولاد ہونا جبکہ اس کے ساتھ ہی عمر کی حد 35 سال مقرر کی گئی ہے۔

رمیز راجہ کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹر میں بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ بمقام گورنمنٹ ہائی اسکول چک نمبر 17 کے گراؤنڈ میں 25، 26 اور 27 بروز جمعہ ہفتہ اور اتوار کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ حاجی عبدالرحمن نے منعقد کیا ہے کیونکہ وہ بوڑھوں کو جوانی کی یادیں تازہ کرنے کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیم کو 500 روپے انٹری فیس دینا ہوگی، کھلاڑی کو عمر کی شرط پر پورا اترنے کے لیے شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے طبی امداد اور ڈاکٹرز کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

یہی نہیں بلکہ اس انوکھے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے لیے کھانے اور میچ وقفے میں چائے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

تازہ ترین