• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر فتح مری ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر

کراچی (سید محمد عسکری) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح محمد مری کو ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کردیاہے جب کہ ڈاکٹر سروش لودھی کو دوسری چار سالہ مدت کے لیے جامعہ این ای ڈی کا وائس چانسلر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے- ساتھ ہی ڈاکٹر فیاض وید کو جامعہ کراچی کے کلیہ فارمیسی کا ڈین مقرر کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کے تقرر کے لئے قائم تلاش کمیٹی نے ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے 9؍ امیدواروں سے 3 امیدواروں ڈاکٹر فتح محمد مری ، ڈاکٹر محمد صفر میر جتاورڈاکٹر عنایت اللہ راجپر کے ناموں کا انتخاب کر کے وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس بھیجا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے جمعہ کو اوّل نمبر پر آنے والے امیدوار ڈاکٹر فتح محمد مری کو ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کاوائس چانسلر مقرر کردیا۔ ادہر جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی کو دوسری چار سالہ مدت کے لیے بھی وائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے ان کی پہلی مدت رواں سال 22مارچ کو مکمل ہوگی اب وہ 21مارچ 2025 مارچ تک جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلررہیں گے۔ محکمہ بورڈز و جامعات نے جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر فیاض وید کو ڈین آف فارمیسی مقرر کرنے کا نوٹفیکشن جاری کردیا ہے جامعہ کراچی نے ڈین کے لیے تین نام، ڈاکٹر اظہر علی، ڈاکٹر فیاض وید اور ڈاکٹر حارث شعیب کے نام بھیجے تھے ڈاکٹر اظہر علی ماضی میں ڈین رہ چکے تھے جب کہ سینارٹی کے لحاظ سے ڈاکٹر فیاض وید دوسرے نمبر پر تھے۔

تازہ ترین