• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم ٹرافی فائنل: سینٹرل پنجاب کیخلاف خیبرپختونخوا کی پوزیشن مستحکم


قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کے خلاف خیبرپختونخوا کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے فائنل میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز 285 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی۔

پانچ روزہ میچ کے دوسرے دن خیبرپختونخوا کی آخری 3 وکٹیں اسکور میں صرف 15 رنز کا اضافہ کرسکیں، یوں پوری ٹیم 300 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سینٹرل پنجاب کی طرف سے حسن علی نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔


خیبرپختونخوا کے 300 رنز کے جواب میں دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کے 8 کھلاڑی صرف 212 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

دفاعی چیمپئن کے اوپنر 12رنز پر میدان چھوڑ گئے، اس کے بعد عثمان صلاح الدین، محمد سعد اور سعد نسیم نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

آخری سیشن میں سینٹرل پنجاب یکے بعد دیگرے عثمان علی 60، سعد نسیم 55 اور محمد سعد 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ قاسم اکرم 35 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔

میچ میں اب تک کے پی پہلی اننگز میں6 اور سینٹرل پنجاب5 پوائنٹس حاصل کر پائی ہے۔

اگر سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 250 سے کم اسکور پر آؤٹ ہوئی توخیبرپختونخوا کو مزید 2 پوائنٹس مل جائیں گے۔

یاد رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کا یہ فائنل اگر ڈرا ہوا تو فاتح کا فیصلہ پہلی اننگز کے پوائنٹس کی بنیاد پر ہوگا۔

تازہ ترین