• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان حکم کریں تو ٹھاٹھے مارتے عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف موڑ دوں، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اگر اس ریلی کا رُخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیں تو اس جعلی وزیراعظم کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، فضل الرحمان حکم کریں تو ٹھاٹھے مارتے عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف موڑ دوں۔

بہاولپور میں پی ڈی ایم کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بہاولپور نے آج فیصلہ سنادیا ہے، اب اس حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کی پریشانیوں کا مجھے احساس ہے، یہی احساس سب کو کھینچ کر لایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبے کہتے تھے جب تک پنجاب کھڑا نہیں ہوگا تبدیلی نہیں آئے گی۔


مریم نواز نے کہا کہ مرغی کو چھوڑو لوگ سبزی کھانے کے قابل بھی نہیں ہیں ۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز دور میں آٹا 35 روپے کلو تھا، آج 80 سے 90 روپے کلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف دور میں چینی 52 روپے تھی، آج 120 روپے کلو ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بہاولپور والوں نے آج کمال کردیا،ماشاءاللہ،بہاولپورزندہ باد،بہاولپور کےہزاروں نہیں لاکھوں عوام میرے ساتھ سڑکوں پرچلےہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نوازشریف آپ سےٹوٹ کر پیار کرتاہے،آپ نے پہلے سے بڑھ کرمحبت کاجواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جاتی ہوں لوگ کہتے ہیں مہنگائی نےبیڑاغرق کردیا ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے بجلی کی قیمت 25 فیصد بڑھانا پڑے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ سن لو ! پنجاب ظلم کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے، پنجاب کےاٹھنے پر ٹانگیں کاپنتی ہیں،سلیکٹڈ نےآپ کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کیا منہگائی کے اس طوفان کو تبدیلی کہتے ہیں؟ نالائقی اور نااہلی کے سمندر کو تبدیلی کہتے ہیں؟، کیا کشمیر فروشی کو تبدیلی کہتے ہیں؟ ،کیا غریب کے چولہے کی آگ بجھانے کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا 27 ارب کی4 میٹرو جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے اسے تبدیلی کہتے ہیں؟۔

مریم نواز نے کہا کہ کیا مہنگی ترین بجلی کو تبدیلی کہتے ہیں؟،کیا مہنگی گیس جو آتی نہیں اسے تبدیلی کہتے ہیں؟،ایل این جی کے 122 ارب کے ڈاکے کو تبدیلی کہتے ہیں؟۔کیا آٹا چینی چوری کو تبدیلی کہتے ہیں؟۔


تازہ ترین