اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید ، وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی معاون برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ قوم نے پی ڈی ایم کے سرکس کو مسترد کردیا ہے۔
مریم نواز بہاولپور میں خطاب کرتے ہوئے بھول گئیں کہ ن لیگ نے لاہور کو بنانے سنوارنے کے نام پر جنوبی پنجاب کے عوام کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالا، کرپٹ والا ٹولہ ریلیوں،جلسوں اور لانگ مارچ کے ذریعے عوام کو گمراہ کررہا ہیں، پی ڈی ایم اپنی ذاتی جبکہ وزیراعظم ملکی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر شبلی فراز نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا کہ جاتی عمرہ کے روڈ کی بار بار کارپٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہن جوڈارو کا نقشہ پیش کرتی ہیں،مریم کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں، عوام مطمئن ہیں یہی خوف اقتدار سے عدلیہ اور اپنی کرتوتوں کی وجہ سے نکالے گئے کرپٹ خاندان کی نیندیں اڑا رہا ہے۔
مراد سعید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں میں موروثی سیاست پروان چڑھ رہی ہیں جبکہ یہ ہی اپوزیشن احتساب کے عمل کو شفافیت سے دور رکھنے کے لیے تمام حربے استعمال کررہی ہے اور فیٹف قانون سازی پر بھی حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ـپی ڈی ایم کا بیانیہ جاتی عمرہ تک محدود ہوگا،ـاسمبلی کو جعلی قرار دینے والوں پی ڈی ایم ضمنی الیکشن میں کود رہے ہیں،پیپلز پارٹی گذشتہ 15سال سے حکومت میں ہے۔
یہ مرسوں مرسوں استعفے نہ دے سوں کا نعرہ لگا رہے ہیںـ،شوباز اینڈ کمپنی نے بیدردی سے عوامی پیسہ لوٹا، (ن)لیگ نے پنجاب کو1200ارب روپے کے قرض میں ڈبو کر عوام کو معاشی نقصان پہنچایا۔
ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی حکمت عملی کے ساتھ مالی مشکلات کا مقابلہ کر رہی ہے، کفایت شعاری کے باعث مسلسل پانچویں ماہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہوا ہے۔
شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا مقصد ملکی بہتری نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے، وہ اسلام کا نام استعمال کر کے اسلام آباد کے خواب دیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کی کسی بات میں بھی غریب کا ایجنڈا شامل نہیں ہوتا۔