غزہ میں مزاحمت کاروں نے 4 اسرائیلی فوجیوں کو بارودی سرنگ کے حملے میں ہلاک کردیا۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی غزہ میں مزاحمت کاروں کے حملے میں میجر سمیت 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ صبح کے ابتدائی اوقات میں غزہ کے جنوبی شہر رفح میں پیش آیا، جہاں اسرائیلی فوج موجود تھی، بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4 فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 کیڈٹ شامل تھے، جنہیں مرنے کے بعد لیفٹیننٹ کے عہدے پر ترقی دی گئی، جبکہ مرنے والوں میں ایک میجر بھی شامل ہے۔
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صبح 9:30 بجے کے قریب رفح کے جنینہ محلے میں ایک D9 بکتر بند بلڈوزر راستہ صاف کر رہا تھا اور اس کے پیچھے دو فوجی گاڑیاں چل رہی تھیں۔ ان میں سے ایک گاڑی جب سڑک کے کنارے پہنچی تو بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔
دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔