بالی ووڈ کی ہٹ فلم دبنگ کے ہدایتکار ابھینو کشیپ نے سلمان خان اور ان کے خاندان پر ایک بار پھر تنقید کی ہے۔ ان کا کہا کہ سلمان خان ایک کرمنل ہیں اور انکا خاندان نارمل نہیں ہے۔
چند روز قبل بھی ابھینو کشیپ نے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں غنڈہ قرار دیا تھا۔
اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ فلم ڈائریکٹر، اسکرین رائٹر اور اداکار ابھینو کشیپ نے حالیہ انٹرویو میں سلمان خان پر ایک بار پھر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ دبنگ کی ریلیز سے پہلے سلمان خان کو ایک بڑی امیج بلڈنگ کی ضرورت تھی۔
انکا کہنا تھا کہ سلمان خان نے وانٹڈ اور تیرے نام جیسی فلموں کی وجہ سے اپنا امیج ایک چھچھورے اور موالی جیسی بنالی تھی اور اسی امیج سے باہر آنے کے لیے انہوں نے دبنگ جیسی فلم کرنے کا فیصلہ کیا۔
ابھینو کشیپ نے کہا کہ سب سے پہلے انہوں نے سلمان خان کے چھوٹے بھائی ارباز خان سے رابطہ کیا تھا، جو خود مرکزی کردار ادا کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔ لیکن بعد میں انہوں نے فلم کو پروڈیوس کرنے کی پیشکش کی۔
جب انہیں بتایا گیا کہ سلمان خان فلم کے ہیرو ہوں گے تو ابھینو کشیپ نے اپنا ردعمل یاد کرتے ہوئے کہا کہ سلمان کی شہرت اس وقت ایک چھچھورے اور سڑکوں پر لڑکیوں کو چھیڑنے والے جیسی تھی۔