بالی ووڈ اداکارہ ہیمانی شیوپوری نے سلمان خان اور ایشوریا رائے کے حوالے سے پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سلمان نے غصے میں ایشوریا سے متعلق کیا کہا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی کی ایک فلم میں سلمان خان اور ایشوریا رائے کی ساتھی اداکارہ ہیمانی شیوپوری نے تازہ ترین انٹرویو میں ان دونوں کی ڈیٹنگ کے دنوں کو یاد کیا اور بتایا ہے کہ سلمان نے غصے میں ایشوریا سے متعلق کہا تھا کہ یہ اپنے آپ کو بہت خوبصورت سمجھتی ہے۔
بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور ایشوریا رائے کی محبت کا رشتہ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد بھارت ہی کیا دنیا بھر میں سب کی زبان پر تھا۔
اس حوالے سے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اس فلم میں کام کرنے والی اداکارہ ہیمانی شیوپوری نے بتایا ہے کہ کس طرح سلمان خان نے ایک بار غصے میں ایشوریا رائے کے بارے میں بات کی تھی جس پر ہیمانی نے سلمان کو سمجھاتے ہوئے انہیں پرسکون ہونے کے لیے کہا تھا۔
ہیمانی نے بتایا کہ میں نے سب سے پہلے ایشوریا کے ساتھ فلم ’آ اب لوٹ چلیں‘ میں کام کیا تھا اور بعد میں ’ہمارا دل آپ کے پاس ہے’ اور ’امراؤ جان‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا تھا۔
ایشوریا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہیمانی نے کہا کہ ایشوریا اس وقت اتنی مشہور نہیں تھیں، جبکہ ہم دونوں اس دوران بہت قریب تھے، ایک ساتھ وین میں گھومتے تھے، ہم حیدرآباد میں فلم ’ہمارا دل آپ کے پاس ہے‘ کے لیے شوٹنگ کر رہے تھے، یہ وہ وقت تھا جب ایشوریا اور سلمان بہت مضبوطی سے آگے بڑھ رہے تھے، اس لیے سلمان ہر رات آتے تھے اور صبح چلے جاتے تھے، ایشوریہ بہت اچھی اور بہت پڑھی لکھی تھیں، ہم بہت باتیں کرتے تھے اور کچھ ایسی باتیں بھی تھیں جو میں شیئر نہیں کر سکتی، البتہ میرے خیال میں ایشوریا خوبصورت ہونے سے زیادہ بہت اچھی انسان ہیں۔
اداکارہ ہیمانی نے یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ہم فلم سٹی میں شوٹنگ کر رہے تھے، اس وقت ایشوریا ابھیشیک کے ساتھ روہن سپی کی فلم کےلیے شوٹنگ کر رہی تھیں اور پھر سلمان خان آئے جو بہت ناراض تھے، وہ مجھ سے کہہ رہے تھے کہ یہ سب کیا ہے؟ ایشوریا کو سمجھائیں کہ وحیدہ رحمٰن کو دیکھیں، ایشوریا اپنے آپ کو بہت خوبصورت سمجھتی ہیں، اس موقع پر میں نے ان سے کہا کہ پرسکون ہو جائیں، خاموش رہیں۔
واضح رہے کہ ایشوریا رائے اور سلمان خان نے 1999ء میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے سیٹ پر ملنے کے بعد ڈیٹنگ شروع کی، لیکن 2002ء میں ان کے درمیان بریک اپ ہو گیا، ان دونوں نے آخری بار فلم ’ہم تمہارے ہیں صنم‘ میں ایک ساتھ کام کیا جو 2002ء میں ریلیز ہوئی تھی۔
2007ء میں ایشوریا رائے نے ابھیشیک بچن سے ایک نجی پرتعیش تقریب میں شادی کر لی اور اب ان کی ایک بیٹی ارادھیا بچن ہیں۔