ڈیرہ غازی خان (نمائندہ جنگ)غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان میں پنجاب گورنمنٹ کی ہدایت پر ماحولیاتی آلودگی سے آگاہی کے موضوعات پر مختلف مقابلہ جات کے آخری مرحلہ میں گذشتہ روز ڈاکٹرمحمد ارشاد ارشد، ڈاکٹر اسحق آصف رحمانی اورپروفیسر شعیب رضا کی زیر نگرانی یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں ایک معلوماتی سیمینار کا انعقاد ہوا۔تقریب کے باقاعدہ آغاز کے بعد ٹیکنیکل سیشن شروع ہوا، سب سے پہلے محکمہ جنگلات کے ایس ڈی او ڈاکٹر محمد مشتاق نے کرہ ارض کو پیش آنے والے خطرات سے آگاہ کیا اور ان خطرات سے بچاؤ پر معلومات فراہم کی۔سیشن کے آخر میں سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے ڈئیریکٹر ریسرچ ڈاکٹر تصور حسین ملک نے ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے زمین پر ہونے والے اثرات پر موئثر انداز میں روشنی ڈالی۔ٹیکنیکل سیشن کے دوران حاضرین کے ساتھ سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا،پروگرام میں شریک معزز مہمانان میں ٹرافی اور اسناد تقسیم کی گئیں۔سیمینار کے آخر میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق تمام گذشتہ پروگرامز جن میں تقاریر، مضمون نویسی، کوئز، پینٹگ کے مقابلہ جات ، شجر کاری کی مہم اور سائنسی ماڈلز کی نمائش شامل ہیں ،ان کے جیتنے والے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔