• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ڈویژن میں جلد نیا ڈینٹل کالج بنایا جائے گا، یاسمین راشد

لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں جلد نیا ڈینٹل کالج بنایا جائے گا۔ڈی ایچ کیو چکوال کا پی سی ون تیار ہے۔مدراینڈ چائلڈ ہسپتال اٹک کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ ملک کے تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کو اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے وطن واپس آکر عدالتوں کا سامنا کرناچاہیے۔نواز شریف نے چودہ دن سرکاری ہسپتال میں بہتر علاج کے باعث صحت یابی کے بعد عدالت میں ضمانت کی درخواست دی۔کورونا وائرس کی پہلی لہر کو ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی محنت سے ناکام بنایا اور انشاء اللہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کو بھی ناکام بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر، ایم ایس اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔راولپنڈی میں ابھی تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ کے قریب تشخیصی ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔بے نظیر بھٹو ہسپتال میں ساڑھے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے نئی لیبارٹری بنائی گئی ہے۔کورونا وائرس کے باوجود پنجاب کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں اپ گریڈیشن یا نئے ہسپتالوں کی تعمیر کا کام نہیں روکا گیا۔راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں 30 نئی ڈائیلسز مشینیں مکمل تیار ہیں جن کو جلد فعال کر دیا جائے گا۔لاہور کے چار مشکوک مریضوں میں کورونا وائرس کی نئی شکل کی تصدیق کیلئے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو بھجوا دیئے گئے ہیں جن کی رپورٹ ایک ہفتے تک متوقع ہے۔راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے بہتر علاج کی کاوش پرپروفیسر ڈاکٹر عمر اور ان کی ٹیم کو شاباش دینا چاہتے ہیں۔ حکومت پنجاب ادویات کی فراہمی پر 40ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔کسی بھی سرکاری ہسپتال میں مریض کو باہر سے ادویات لانے پر تحقیقات کی جائیں گی۔میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ سرکاری ہسپتالوں کی مزید بہتری کیلئے نافذ کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین