اسلام آباد (آئی این پی) پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کی فائرنگ سے قتل ہونے والے 21 سالہ نوجوان اسامہ ستی کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی نے کام کا آغاز کردیا ہے۔ جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ایس پی صدر سرفراز ورک کی زیر صدارت ہوا جس میں قتل سے متعلق تمام تر مواد جے آئی ٹی نے حاصل کیا۔ جے آئی ٹی گرفتار پانچ ملزمان سے تفتیش کرنے سمیت مقتول کے والد اور دیگر اہل خانہ کے بیانات بھی قلمبند کریگی۔ پیر کو اسامہ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی سات رکنی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ایس پی صدر سرفراز ورک کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں جے آئی ٹی کے تمام ارکان جس میں انٹیلی جنس اداروں آئی ایس آئی‘ آئی بی اور ایم آئی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔