• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کسٹمز نے چھالیہ،غیرملکی کپڑا ودیگر سامان قبضے میں لے لیا

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)کسٹم انٹیلی جنس اور فرنٹیئر کور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نوشکی سے کوئٹہ آنے والے ایک بوزر ، 2 کنٹینرزاور 1 ٹرک سے 15 کروڑ روپے مالیت کی 68 ٹن چھالیہ ، غیر ملکی کپڑا، ٹائر اور دیگر قیمتی سامان قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس بلوچستان محمد اسماعیل کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس ڈاکٹر زوہیب احمد سندھیلا نے ایف سی 78 ونگ کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ کرنل ندیم عباس کی سربراہی میں انسپکٹرز کسٹم انٹیلی جنس شبیر احمد ، حامد حبیب نے دیگر عملے کے ہمراہ نوشکی سے کوئٹہ آنے والے ایک بوزر کو روک کر چیک کیا تو اس میں لوڈ 68 ٹن چھالیہ برآمد کرکے بوزر قبضے میں لے لیا دوسری کارروائی میں 2 کنٹینرز ایک ٹرک سے غیر ملکی ٹائر ، غیر ملکی کپڑا اور دیگر قیمتی سامان برآمد کرکے قبضے میں لے لیا ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس بلوچستان محمد اسماعیل اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر زوہیب احمد سندھیلا نے بتایا کہ بوزر سے بلوچستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھالیہ برآمد ہوا ہے کیونکہ اب وفاقی حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے سمگلنگ کی روک تھام کے لئے وزیر اعظم پاکستان کے احکامات کی روشنی میں کسٹم سمیت دیگر ادارے بھی متحرک ہوکر اقدامات اٹھارہے ہیں اور کسٹم انٹیلی جنس نے ایف سی کے بھر پور تعاون سے یہ کارروائی کی ہے جس میں 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان جوکہ گاڑیوں سمیت تخمینہ لگایا ہے قبضے میں لیا ہے یہ کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ اسمگلنگ کے ناسور سے بلوچستان کو نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام اس سلسلے میں کسٹم انٹیلی جنس سمیت دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تاجروں کو قانونی تجارت کے حوالے سے سہولیات فراہم کی جاسکے۔
تازہ ترین