• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں غیرقانونی گیس پائپ لائن اور کنکشنز کاانکشاف، عدالت کا جواب طلب

پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور کے علاقوں خزانہ ، بخشو پل اور چرگو کلے میں غیر قانونی گیس پائپ لائن اور کنکشنز کا انکشاف ہوا ہے، سوئی نادرن گیس فقیر آباد پشاور میں سینئر سپر وائزر باز محمد نے غیر قانونی کنکششز اور گیس پائپ لائنز دینے پر سی این جی پی ایل چیف انجینئر حیات آبادفیز 5پشاور سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور شوکت اللہ کی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔ عدالت نے فریقین سے 14تاریخ تک جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے سوئی نادرن گیس فقیر آباد پشاور میں سینئر سپر وائزر باز محمدکی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی این جی پی ایل چیف انجینئر حیات آبادفیز 5پشاور رحمت اللہ نے دیگر سی این جی پی ایل کے دیگر اہلکاروں ( کامران ، عبد الرحمان اور عامر ایوب ) اور سکندر نامی فرد کے ساتھ ملی بھگت کرکے خزانہ ، بخشو پل اور چرگو کلے کے علاقوں کو غیر قانونی کنکشنز دیئے اور ساتھ ہی 800میٹر ایک غیر قانونی پائپ لائن بھی دیا ہے اور اس کے بعد لاکھوں روپے لیے ہیں۔ درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ افراد جرائم پیشہ ہیں جس کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج ہیں۔ لہذا عدالت 22اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام کو مذکورہ پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کریں ۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 14جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کردی۔
تازہ ترین