پشاور( وقائع نگار) محکمہ خوراک نے آج سے صوبے بھر میں ملاوٹ شدہ دودھ کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے .سیکرٹری فوڈ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان‘ کی ہدایت پر آج صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کی نگرانی میں ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف میگا آپریشنز کیا جائیگا۔ جس کے پی فوڈ اتھارٹی‘ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک مشترکہ طور پر کارروائیاں کریں گی۔ کارروائیوں کے دوران افسران دودھ فروشوں سے نمونے حاصل کر کے موقع پر موبائل لیبارٹری میں تجزیہ کریں گے ملاوٹ ثابت ہونے پر دودھ فروشوں کی دکانوں کو سیل کیا جائیگا جبکہ دودھ کو موقع پر تلف کردیا جائیگا۔ سیکرٹری خوراک فلائیٹ لیفٹیننٹ خوشحال خان نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ملاوٹ شدہ دودھ کے خاتمے کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز ملاوٹی دودھ فروخت کرنے کے مرتکب افراد کے دکانوں کو سیل کر کے دودھ کو موقع پر تلف کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو شہریوں کی صحت کیساتھ کھیلنے نہیں دیا جائیگا خوراک کی شکل میں زہر بیچنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔