• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کےلیے کوئی میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے، میاں افتخار حسین


اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ حکومت کے لیے کوئی میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔

نوشہرہ خیر آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں پی ڈی ایم ترجمان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے تاہم سینیٹ الیکشن میں شرکت کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے استعفیٰ سے متعلق کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے خلاف جب آخری کیل ٹھوکے گی، اُس وقت ہم استعفیٰ دیں گے۔


میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے نکلی ہے، موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دو سال بعد اپنی ناکامی کا اعتراف کرنے والے کو ملک چلانے کا کوئی حق نہیں، وزارت ریلوے تباہ کرنے والے کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا۔

پی ڈی ایم ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مچھ میں ہزارہ برادری کے افراد کو قتل کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 72 کالعدم تنظیمیں موجود ہیں، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم روز اول سے نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل درآمد کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باچا خان اور ولی خان کی برسی میں تمام کارکنان کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔

تازہ ترین