کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی حکومت کی اتحادی ہے جس نے متنازع مردم شماری کی منظوری دی لیکن ایم کیو ایم نے پراسرار خاموشی برقرار رکھی،متحدہ قومی موومنٹ کے نظریے اور سیاست کے مطابق اس کا حکومت کے ساتھ مزید ایک دن رہنا عوام کا مطالبہ نہیں، پتہ نہیں ایم کیو ایم کس مجبوری کے تحت حکومت کے ساتھ کھڑی ہے،آپ اپنی مجبوری کی بجائے عوام کی مجبوری کے بارے میں سوچیں، ایم کیو ایم کے نمایندے میری پیدائش سے پہلے سے سلیکٹ ہوتے رہے ہیں، ایم کیو ایم کے نمایندوں سے پوچھیں کورنگی کے لیے کیا کیا؟ ایم کیو ایم کے ووٹوں کی وجہ سے حکومت قائم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ابراہیم حیدری چورنگی میں منعقدہ فشرمین چورنگی سے ابراہیم حیدری تک 4.9 کلومیٹر روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزراء ، سعید غنی ، ناصر شاہ ، شہلا رضا ، مرتضیٰ وہاب ، علاقے کے ایم این اے اور ایم پی ایز ، پارٹی رہنما ؤں اور کارکنان اور چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد ، پروجیکٹ کے پی ڈی اصغر میمن اور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی وزرا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اجلاسوں میں غریب عوام کے مسائل پر گفتگو نہیں کرتے بلکہ یہ بات ہوتی ہے کہ حکومت سندھ کی برائی کیا کی جائے کیونکہ یہ لوگ سندھ کی ترقی دیکھ نہیں سکتے۔ کہا کہ کراچی کو اپنا وارث سمجھنے والوں نے کراچی کا جو حال کیا ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی نیبرہوڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت ہمارا یہ دوسرا منصوبہ ہے۔تیسرا منصوبہ ملیر میں بنا رہے ہیں۔سندھ بھر میں اس قسم کے منصوبے قائم کرینگے۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر حقیقی معنی میں مردم شماری کی گئی ہے تو صوبے کے عوام این ایف سی میں اپنے حقوق ، وفاقی حکومت اور انکی ایجنسیوں میں روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں گے لیکن ایم کیو ایم خاموش تھی ،بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کا حق مارا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے ماہی گیروں کے جزائر کو وفاقی حکومت نے چھینا لیکن پھر بھی ایم کیو ایم خاموش رہی ۔ وفاقی حکومت نے صوبے کے لوگوں کے مالی حقوق ہڑپ کرلئے ہیں لیکن ایم کیو ایم خاموش ہے۔کراچی کی ترقی میں 60 فیصد سے زیادہ قومی آمدنی پیدا کرنے میں حصہ لینے سے انکار کردیا لیکن ایم کیو ایم خاموش رہی۔ ایم کیو ایم کے ووٹوں کی وجہ سے وفاقی حکومت اقتدار میں ہے جو انہوں نے کراچی سے حاصل کیے ہیں لیکن وہ اس شہر کے لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کررہی،چیئرمین نے کہا کہ صوبے کے جزائر پر قبضہ کرنے کیلئے منظور کیا گیا آرڈیننس ختم ہوگیا ہے لہذا ماہی گیر جو اپنی زندگی کا گذر بسر کرنے کیلئے جزائر پرجاتے ہیں انہیں روکا نہیں جانا چاہئے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پر زور دیا کہ وہ متعلقہ ایجنسیوں سے بات کریں اور انہیں بتائیں کہ جزائر کے اصل مالکان ماہی گیروں کو تنگ نہ کریں۔