پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر 28 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 118 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 52 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 4 ہزار 33 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 461 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 92 ہزار 594 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 38 ہزار 917 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 69 لاکھ 23 ہزار 857 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کُل 33 ہزار 740 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 243 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 48 ہزار 393 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 20 ہزار 501 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 634 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 42 ہزار 58 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 184 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 59 ہزار 955 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 695 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 38 ہزار 531 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک کُل 432 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 280 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 186 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 396 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک کُل 229 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 873 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 101 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔