بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں سانحۂ مچھ کے خلاف مظاہرین کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے۔
دھرنے کے شرکاء نے کان کنوں کی میتیں مغربی بائی پاس روڈ پر رکھی ہوئی ہیں۔
دہشت گردوں نے اتوار 3 جنوری کو مچھ کوئلہ فیلڈ کے 11 کان کنوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ سانحۂ مچھ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائےاور اس سانحے کے پسِ پردہ عناصر کو کیفرِکردار تک پہنچایا جائے۔
مظاہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ وزیرِاعظم عمران خان کوئٹہ آ کر اس اندوہناک واقعے پر لواحقین کی دلجوئی کریں۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے تھے۔