• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکاری کے بعد حمزہ سیاست بھی چھوڑدیں گے؟


گزشتہ شب اداکاری سے وقتی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے سیاست سے کنارہ کشی کا عندیہ بھی دے دیا۔

اپنی 23 منٹ اور چھ سیکنڈ کی ویڈیو میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے حوالے سے کہا کہ وہ کبھی بھی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

حمزہ نے اپنے طویل ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں طویل عرصے کے لیے میڈیا کی حد تک اداکاری چھوڑ رہا ہوں کیوں کہ اداکاری میں ایسا بہت کچھ کرنا پڑتا ہے جو وہ نہیں کرنا چاہتے۔‘

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے حمزہ کا کہنا تھا کہ’ میں یہ سب شہرت کے لیے نہیں کررہا، میں مستقبل میں سنجیدہ موضوعات پر بات کروں گا، میں فلمیں اور ڈرامے ضرور بناؤں گا، لیکن وہ جن میں کوئی غیر اخلاقی چیزیں نہیں ہوں گی۔‘

یہ بھی پڑھیے: حمزہ علی عباسی نے شوبز چھوڑ دیا

حمزہ علی عباسی نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ وہ 10 سال کے عرصے سے خدا اور موت کے بعد جیسی چیزوں پر تحقیق کررہے تھے اور اس دوران جو باتیں سامنے آئیں اب وہ مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔

ویڈیو کے آغاز میں حمزہ علی عباسی نے پہلے رب اور پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ماضی کی زندگی کے بارے میں کچھ بتایا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں شوبز انڈسٹری سے اس وجہ سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہا کہ اداکاری حرام ہے، میری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اسلام میں صرف بدکاری حرام ہے۔

حمزہ کے اس ٹوئٹ کے جواب میں ایک صارف نے حمزہ سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے ہی ہم خیال شخص کی کچھ رہنمائی کر سکتے ہیں؟



اس کے جواب میں حمزہ نے یقین دہانی کرواتےہوئے انہیں اپنا ای- میل ایڈریس دیا۔

جولائی میں مدیحہ نامی ایک صارف نے حمزہ سے سوال کیا تھا کہ وہ اپنی داڑھی کسی نئے پروجیکٹ کی وجہ سے بڑھا رہے ہیں؟

اس کے جواب میں حمزہ نے بتایا تھا کہ ’الف‘ کے علاوہ کوئی پروجیکٹ نہیں کر رہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ میں داڑھی کیوں بڑھا رہا ہوں آپ کو جلد پتہ چل جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: حمزہ عباسی گٹار بجانے لگے

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی ماہِ اگست میں نیمل خاور سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ۔ شادی کے بعد نیمل نے بھی اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 گزشتہ ماہ حمزہ علی عباسی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وہ اکتوبر کے آخر میں ایک بڑا اعلان کریں گے۔

اداکار نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ’ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا، رواں ماہ کے آخر میں بہت اہم اعلان کروں گا۔‘

انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ’اکتوبر کے آخر تک سوشل میڈیا سے دور رہوں گا اور امید کرتا ہوں کہ میری بات کو زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں گے۔‘

حمزہ علی عباسی نے اپنے کریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا، بعد ازاں انہوں نے پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری میں نام بنایا۔

فلمی سفر کی بات کی جائے توڈاکیومینٹریز کے علاوہ ان کی معروف فلموں میں ، میں ہوں شاہد آفریدی، وار، جوانی پھر نہیں آنی، ہو من جہاں، پرواز ہے جنوں، جوانی پھرنہیں آنی 2 شامل ہیں۔

حمزہ علی عباسی کی آنے والی فلم ’مولا جٹ ‘ ہے جو سال 1979 میں ریلیز ہونے والی مولاجٹ کا سیکوئل ہے۔ حمزہ اس فلم میں نوری نتھ کے روپ میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے ساتھی اداکاروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔

ان کے مقبول ترین ڈراموں میں ’پیارے افضل‘، ’من مائل‘، ’میرے درد کو جو زباں ملے‘،  شامل ہیں۔جیو انٹرٹینمنٹ پر آج کل نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں بھی حمزہ ’قلب مومن‘ کا مرکزی کردار ادا کر  رہے ہیں۔ ان کے مداحوں کو بھی ان کا یہ کردار بے حد پسند آ رہا ہے۔

تازہ ترین