گزشتہ سال اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے باضابطہ طور پر واپسی کا اعلان کردیا۔
حمزہ علی عباسی نے ایک آن لائن پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹی وی ناظرین کو وہ جلد اسکرین پر نظر آئیں گے۔
میزبان احمد علی بٹ کے سوال پر حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ انہوں نے عارضی طور پر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی تھی اور اب ایک سال کے وقفے کے بعد جلد ٹی وی اسکرین پر نظر آؤں گا۔
اداکار نے یہ تو بتایا کہ وہ دو پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں تاہم اس متعلق مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس حمزہ نے اپنے طویل ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’میں طویل عرصے کے لیے میڈیا کی حد تک اداکاری چھوڑ رہا ہوں کیوں کہ اداکاری میں ایسا بہت کچھ کرنا پڑتا ہے جو وہ نہیں کرنا چاہتے۔‘
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے حمزہ کا کہنا تھا کہ’ میں یہ سب شہرت کے لیے نہیں کررہا، میں مستقبل میں سنجیدہ موضوعات پر بات کروں گا، میں فلمیں اور ڈرامے ضرور بناؤں گا، لیکن وہ جن میں کوئی غیر اخلاقی چیزیں نہیں ہوں گی۔‘
حمزہ علی عباسی نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ وہ 10 سال کے عرصے سے خدا اور موت کے بعد جیسی چیزوں پر تحقیق کررہے تھے اور اس دوران جو باتیں سامنے آئیں اب وہ مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔
حمزہ علی عباسی نے اپنے کریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا، بعد ازاں انہوں نے پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری میں نام بنایا۔
فلمی سفر کی بات کی جائے توڈاکیومینٹریز کے علاوہ ان کی معروف فلموں میں ، میں ہوں شاہد آفریدی، وار، جوانی پھر نہیں آنی، ہو من جہاں، پرواز ہے جنوں، جوانی پھرنہیں آنی 2 شامل ہیں۔
حمزہ علی عباسی کی آنے والی فلم ’مولا جٹ ‘ ہے جو سال 1979 میں ریلیز ہونے والی مولاجٹ کا سیکوئل ہے۔ حمزہ اس فلم میں نوری نتھ کے روپ میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے ساتھی اداکاروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔
ان کے مقبول ترین ڈراموں میں ’پیارے افضل‘، ’من مائل‘، ’میرے درد کو جو زباں ملے‘، شامل ہیں۔جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں بھی حمزہ نے ’قلب مومن‘ کا مرکزی کردار ادا کیا۔