وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے میں بھارت ملوث ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ مچھ واقعے پر اپوزیشن کی الزام تراشی کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کا دکھ ہم سے زیادہ کون محسوس کرسکتا ہے، اس واقعے پر اپوزیشن کی جانب سے سنجیدہ نوعیت کی بات کی جانے ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن مچھ دہشت گردی کی مذمت کریں گے۔
انہوں حافظ حمد اللّٰہ کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن کی دہشت گردی کے واقعے کے مذمتی بیان کی تصدیق پر کہا کہ انہیں آج کے جلسے میں مچھ واقعے کی مذمت کرنی چاہیے تھی۔
فواد چوہدری نے جمعیت علماء اسلام (ف) کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 1100 نشستوں پر الیکشن ہوتے ہیں تو یہ 60 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرتے ہیں، ہم ان کے کہنے پر استعفیٰ کیوں دیں؟ کیا پدی، کیا پدی کا شوربہ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے معاملے میں بھارت ملوث ہے۔