مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ وزیر لواحقین سے فائدہ مانگ رہے ہیں۔
مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مچ میں بہت بڑا سانحہ ہوا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ واقعے میں بے گناہ کان کنوں کو قتل کیا گیا، لوگ سخت سردی میں پیاروں کی میتیں لے کر بیٹھے ہیں۔
اُنہوں نے بزدار حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ہر طرف کچرے کے ڈھیر ہیں، سیوریج کا نظام چوک ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کے دوران سعد رفیق کو پیشی کے موقع پر کارکنوں کی تعداد میں کمی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔