• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان خان کے یومِ پیدائش پر بیٹے کی دلچسپ ویڈیو

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار عرفان خان کی 54ویں سالگرہ پر بیٹے بابیل خان نے والد کو یاد کرتے ہوئے ایک پیغام شیئر کیا اور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

گزشتہ برس اچانک ہی انتقال کر جانے والے بالی ووڈ اداکارعرفان خان کے بیٹے بابیل سوشل میڈیا پر اکثر اپنے والد کو یاد کرتے رہتے ہیں۔


آج عرفان خان کے 54ویں یومِ پیدائش پر بابیل نے اپنے والد کے پرستاروں کیلئے ایک دلچسپ ویڈیو شیئرکی ہے جس میں بابیل کی والدہ سُتاپا، والد عرفان خان اور بھائی آیان کو دیکھا جاسکتا ہے۔


والد کی یاد میں بابل نے جذباتی پیغام لکھتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی ہمیں اپنی سالگرہ یاد رکھنے کی ترغیب نہیں دی تھی۔

بابیل نے بتایا کہ ’میں کسی کی سالگرہ یاد نہیں رکھتا کیونکہ آپ نے کبھی میری سالگرہ یاد کی نہ ہی کبھی اپنی سالگرہ یاد رکھنے کی ترغیب دی۔ ‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے معمول کی بات تھی جومضحکہ خیز لگتی تھی۔‘

بابیل کے مطابق اس موقع پر والدہ کو ہمیں یاد دلانا ہوگا لیکن اگر میں نے کوشش بھی کی تو میں آپ کی سالگرہ نہیں بھول سکتا۔ یہ آپ کی سالگرہ ہے بابا۔‘

عرفان خان 29 اپریل 2020 کو 53 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں انہوں نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔

واضح رہے عرفان خان کو بالی ووڈ انڈسٹری میں جاندار اداکاری پر پدماشری، نیشنل اور فلم فیئر سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا جب کہ وہ ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

تازہ ترین